عارفانہ کلام حمد نعت منقبت سلام
جو یاد سرورِ عالمﷺ کا نام کرتا ہوں
تو دل سے سبط نبیؐ کو سلام کرتا ہوں
خیال و فکر کی دنیا حسینؑ سے آباد
میں کربلا میں مسلسل قیام کرتا ہوں
میں ذکر کرتا ہوں جب کربلا کے پیاسوں کا
تو یوں بھی جذب شہادت کو عام کرتا ہوں
سلام کرتا ہوں آلؑ نبیؐ کی حرمت کو
میں ورد نام علیؑ صبح و شام کرتا ہوں
مِرے دیار میں آتی ہے جب نجف کی ہوا
میں آنسوؤں کی زباں میں کلام کرتا ہوں
غم حسینؑ میں آنکھیں چھلک اٹھیں میری
میں اشک و درد کا کب اہتمام کرتا ہوں
مِری نماز عقیدت غم حسینؑ سے ہے
غم زمانہ کو خود پر حرام کرتا ہوں
جہان کُفر پریشان ہے اس لیے غازی
کہ آلؑ قدسؐ کا میں احترام کرتا ہوں
عون الحسن غازی
No comments:
Post a Comment