Monday, 9 December 2024

اس مقتل ہستی سے گزر جائیں گے ہم بھی

 اس مقتلِ ہستی سے گُزر جائیں گے ہم بھی

دُنیا یہی دُنیا ہے تو مر جائیں گے ہم بھی

ہم سے بھی اُلجھتے ہیں بہر گام یہ سائے

شاید یہ سمجھتے ہیں کہ ڈر جائیں گے ہم بھی

جیسے بھی ہیں انسان ہیں، اے بادِ مخالف

تنکے تو نہیں ہیں کہ بکھر جائیں گے ہم بھی

یہ تُندی و تیزی ہے تو لہروں کے سہارے

کشتی نہ سہی، پار اُتر جائیں گے ہم بھی

توفیقِ غمِ عشق بھی سب کو نہیں ملتی

خُوش ہیں کہ یہ اک کام تو کر جائیں گے ہم بھی

وہ خُونِ تمنا سہی ہر نقشِ وفا میں

اک رنگ دلآویز تو بھر جائیں گے ہم بھی

یہ ذوقِ سفر شوقِ سفر ہے تو یقیناً

راہی نہ سہی زادِ سفر جائیں گے ہم بھی


مصطفیٰ راہی

No comments:

Post a Comment