Monday, 11 January 2021

ہے کوئی بیر سا اس کو مری تدبیر کے ساتھ

 ہے کوئی بیر سا اس کو مِری تدبیر کے ساتھ

اب کہاں تک کوئی جھگڑا کرے تقدیر کے ساتھ

مِرے ہونے میں نہ ہونے کا تھا ساماں موجود

ٹوٹنا میرا لکھا تھا مِری تعمیر کے ساتھ

چھوڑ جاتے ہیں حقیقت کے جہاں میں ہمیں پھر

خواب آتے ہی کہاں ہمیں کبھی تعبیر کے ساتھ

آدمی ہی کے بنائے ہوئے زنداں ہیں یہ سب

کوئی پیدا نہیں ہوتا کسی زنجیر کے ساتھ

جانتے سب ہیں کہ دو گز ہی زمیں اپنی ہے

کون خوش رہتا ہے لیکن کسی جاگیر کے ساتھ

ساتھ غالب کے گئی فکر کی گہرائی بھی

اور لہجہ بھی گیا میر تقی میر کے ساتھ


راجیش ریڈی

No comments:

Post a Comment