Saturday, 9 January 2021

ہم درختوں کو اگر خواب سنانے لگ جائیں

 ہم درختوں کو اگر خواب سنانے لگ جائیں

ان پرندوں کے تو پھر ہوش ٹھکانے لگ جائیں

آخری پَل ہے ذرا بیٹھ کہ باتیں کر لیں

عین ممکن ہے پلٹنے میں زمانے لگ جائیں

ہم نوافل میں تِرے نام کی تسبیح کریں

یوں بھی مسجد میں تِرا ہجر منانے لگ جائیں

کوزہ گر تم سے مِرے خواب نہیں ٹھیک بنے

بس یہی سوچ کے پھر چاک گھمانے لگ جائیں

حضرتِ قیس! تِرے خواب کی بیعت کر کے

ہم کسی دشت میں پھر نام کمانے لگ جائیں

یہ بھی ممکن ہے کہ چپ چاپ تِرا ہجر سہیں

یہ بھی ممکن ہے کوئی حشر اٹھانے لگ جائیں

ہم ہیں تنہائی کے مارے ہوئے کمرے کے مکیں

جو بھی مل جائے اسے دوست بنانے لگ جائیں

ہم نئے دور کے عاشق بھی عجب ہیں کہ ندیم

جو بھی مل جائے اسے شعر سنانے لگ جائیں


ندیم ساحر

No comments:

Post a Comment