عارفانہ کلام نعتیہ کلام
جمالِ دو عالم تِریﷺ ذاتِ عالی
دو عالم کی رونق تِری خوش جمالی
خدا کا جو نائب ہوا ہے یہ انسان
یہ سب کچھ ہے تِری ستودہ خصالی
تُو فیاضِ عالم ہے، دانائے اعظم
مبارک تِرے در کا ہر اِک سوالی
نگاہِ کرم ہو نواسوں کا صدقہ
تِرے در پہ آیا ہوں بن کے سوالی
میں جلوے کا طالب ہوں، اے جانِ عالم
دِکھا دے، دِکھا دے وہ شانِ جمالی
تِرے آستانہ پہ میں جان دوں گا
نہ جاؤں، نہ جاؤں، نہ جاؤں گا خالی
تجھے واسطہ حضرتِ فاطمہؑ کا
میری لاج رکھ لے دو عالم کے والی
نہ مایوس ہونا ہے یہ کہتا ہے بھگوان
کہ جُودِ محمدﷺ ہے سب سے نرالی
رانا بھگوان داس
No comments:
Post a Comment