Thursday, 4 March 2021

احتیاط اتنی زندگی مشکل

 احتیاط اتنی زندگی مشکل

مجھ پہ کیسی یہ آ پڑی مشکل

تیسرا راستہ دکھائی دے

زیست مشکل ہے موت بھی مشکل

شہر میں وہ اکیلا رہ جاتا

مجھ کو لاحق تھی بس یہی مشکل

جو تھا آساں وہ کہہ دیا میں نے

در حقیقت ہے ان کہی مشکل

اس نے ترچھی نظر سے کیا دیکھا

سانس لینا بھی ہو گئی مشکل

مرنے والوں سے جا کے پوچھے کوئی

کتنی ہوتی ہے جاں کنی مشکل

محرمِ راز کیا تلاشیں ہم

ہمکلامی بھی ہو گئی مشکل

علم و دانش میں فرق اتنا ہے

علم آساں ہے، آگہی مشکل

دل جگر خوں کیے بغیر احمد

مجھ کو لگتی ہے شاعری مشکل


احمد ساقی

No comments:

Post a Comment