Saturday, 20 March 2021

سانحہ احمد پور شرقیہ کے تناظر میں ایک المیہ نظم

 سانحہ احمد پور شرقیہ کے تناظر میں ایک المیہ نظم


ہمیں صاف پانی تو ملتا نہیں تھا

ہمیں اپنے حصے کی گندم

وڈیروں کے کتوں کی تعریف کرنے پہ موصول ہوتی

ہمیں تختِ لاہور کے بادشاہوں کے دلال

سڑکوں کے تحفے پہ ممنون ہونے کا پیغام دیتے

ہمیں یہ بتایا گیا تھا کہ سڑکیں ہمارے مسائل کا حل ہیں

وہ ہم جن کو پینے کا پانی تو ملتا نہیں تھا

وہی ہم جو سڑکوں پہ بکھرے ہوئے تیل کو دیکھ کر

ایک دیوانہ پن اوڑھ کر بھاگتے تھے

تو حیرانی کیسی؟

ہمِیں تھے کہ جو مصر کے دشت میں

اپنی پُشتوں پہ فرعون کے

ذوقِ تعمیر کا بوجھ لادے ہوئے تھے

ہمِیں تھے کہ جن کے بدن

تاج محلوں کی بنیاد بننے کی خاطر

بُرادے ہوئے تھے

ہمِیں ہر زمانے کے چہرے پہ

کالی خراشوں کی صورت ابھرتے رہے ہیں

ہمیں ہیں ہمیشہ جو تاریک راہوں میں مرتے رہے ہیں

ہمیں لالچی کہنے والے بھی سچے

ہمِیں حِرص زادے، جہنم کے بچے

مگر یہ ہمارے سیاہی میں لتھڑے بدن پوچھتے ہیں

کہ جلنے کے زخموں پہ سڑکوں کی بجری لگی

پھر بھی ہم بچ نہ پائے


عدنان محسن

No comments:

Post a Comment