Tuesday, 20 April 2021

ہمیں چراغ کا پہلے خیال کرنا ہے

 ہمیں چراغ کا پہلے خیال کرنا ہے

پھر اس کے بعد ہوا سے سوال کرنا ہے

مِرے عروج پہ تہمت لگا رہے ہیں وہی

جو چاہتے ہیں شریکِ زوال کرنا ہے

زرا سی سانسیں بچا لوں نئی سحر کیلئے

اب اپنے آپ کو کتنا نڈھال کرنا ہے

جنوں کو دشت میں لازم ہے اتنا ہوش رہے

کہاں سکوت کہاں پر دھمال کرنا ہے

وہی کہوں گا جو جذبوں کو مطمئن کر دے

غزل میں کون سا مجھ کو کمال کرنا ہے

تُو مجھ سے دور ہی رہ اے مِری حسیں دنیا

مجھے گناہوں پہ اپنے ملال کرنا ہے

ابھی میں عکس کے غصے سے خود پریشاں ہوں

پھر آئینے کی الگ دیکھ بھال کرنا ہے

سیاہ رنگ سے کی آسمان کی پینٹنگ

یہ جو زمیں ہے ابھی اس کو لال کرنا ہے

مِرے لیے تو ہے دلشاد قیمتی ہر دن

تمہیں تو ہفتوں مہینوں میں سال کرنا ہے


دلشاد نظمی

No comments:

Post a Comment