دعائیہ کلام
یا رب لبِ خموش کو ایسا جمال دے
جو گفتگو کے سارے ہی لہجے اجال دے
سوزِ درونِ قلب کو اتنا کمال دے
جو مجھ کو ایک شمع کے قالب میں ڈھال دے
پردے ہٹا، دکھا دے تجلی سے شش جہات
پھر مطمئن وجود کو روحِ غزال دے
وہ خواب مرحمت ہو کہ آنکھیں چمک اٹھیں
وہ سرخوشی عطا ہو کہ دنیا مثال دے
وہ حرف لکھ سکوں کہ بنے حرفِ پُر اثر
اک کام کر سکوں تو مجھے گر مجال دے
میں اپنی شاعری کے لیے آئینہ بنوں
راحت نہیں، تُو مجھ کو بقائے ملال دے
تیرے ہی آستاں پہ جھکی ہو جبینِ دل
اپنے ہی در کے واسطے خوئے سوال دے
ثمینہ راجا
No comments:
Post a Comment