عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
نقطہ ہیں نہ قوسین نہ پرکار ہیں سرکارﷺ
باتیں ہیں یہ سب کہنے کی، سرکار ہیں سرکارﷺ
آوازِ دُعا بھی نہ بڑھے، حدِ ادب ہے
اے سائلِ در دیکھ کہ بیدار ہیں سرکارﷺ
کروا دے وضو پہلے ذرا لوح و قلم کو
اے حُسنِ ازل، مائلِ گُفتار ہیں سرکارﷺ
اول بھی ہیں آخر بھی ہیں، اُمی بھی نبی بھی
کیا ذات و صفت دونون کا اظہار ہیں سرکارﷺ
برزخ بھی ہیں،واصِل بھی ہیں، کہنے کو بشر بھی
کس حُسنِ لطافت میں گرفتار ہیں سرکارﷺ
آئینہ ہے ہاتھوں میں مگر عکس ندارد
واللہ، عجب آئینہ بردار ہیں سرکارﷺ
بستر پہ ابھی تھے، ابھی قوسین پہ چمکے
خود برق ہیں یا برق کی رفتار ہیں سرکارﷺ
اقرارِ الہیٰ، لب سرکارﷺ کو زیبا
مومن تو فقط آپؐ کا اقرار ہیں سرکارﷺ
قُرآن کی رُو سے ہے خُدا آپﷺ کا شیدا
فرمائیے خود کس کے پرستار ہیں سرکارﷺ
اے اوج! معاصی کا بہت رنج نہ کرنا
ہر عاصئ عاجز کے طرفدار ہیں سرکارﷺ
اوج یعقوبی
No comments:
Post a Comment