عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
ہمیں ہے پیار جو بے انتہا مدینے سے
ہمیں ملا ہے خدا با خدا مدینے سے
بس ایک بار رسولِ خداﷺ بلائیں فقط
پھر اُس کے بعد نہ لائے خدا مدینے سے
میں اُٹھ رہوں گا بصد شوق اے خدائے جلال
اگر اُٹھا ہی رہا ہے اُٹھا مدینے سے
اِدھر اُدھر نہ بھٹک اے دلِ غریب، کہ حل
ہر ایک ہو گا تِرا مسئلہ مدینے سے
خدا سے مانگ رہا تھا میں اپنی بخشش پر
کسی نے کان میں آ کر کہا؛ مدینے سے
پھر اُس کے بعد تُو جنت کے گیت گا لینا
مِرے عزیز! ذرا ہو کے آ مدینے سے
ہے کوئی اور جو خواہاں ہے آج بخشش کا
یہ آ رہی ہے مسلسل صدا مدینے سے
یہ سچ ہے آج تلک ہم نے بھی یہی دیکھا
نصیب بگڑا ہے جس کا بنا مدینے سے
بس ایک نور سا چمکا پھر اُس کے بعد ہوا
ہر ایک ظلم کا خود خاتمہ مدینے سے
خدا گواہ کہ دنیا کو فتح کر ڈالیں
دلوں کو ملتا ہے وہ ولولہ مدینے سے
حسینؑ دین بچانے ضرور آئیں گے
تھی لو لگائے ہوئے کربلا مدینے سے
”سلام نانا کے روضے سلام ماں کے مزار”
حسینؑ لے کے چلے قافلہ مدینے سے
نجف و کرب و بلا، کاظمین و مشہد و قُم
جُڑا ہوا ہے ہر اک سلسلہ مدینے سے
نظر خدا نے عطا کی ہمیں علی تاصف
پہ دیکھنے کا ملا زاویہ مدینے سے
علی تاصف
No comments:
Post a Comment