Wednesday, 4 September 2024

اس کی قسمت کی ڈگر سوئے صمد ملتی ہے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


اس کی قسمت کی ڈگر سُوئے صمد ملتی ہے

جس کو آقاﷺ کے مدحِ خواں کی سند ملتی ہے

جس کے تقویٰ کی خبر عرشِ معلیٰ پہ گئی

ہاں اسے نور سے لبریز لحد ملتی ہے

ان کے القاب میں برکت ہے انہیں دہراؤ

ہم کو یٰسین سے طٰہٰ سے مدد ملتی ہے

جو خدا وند کہے آپﷺ کہا کرتے ہیں

اس طرح آپِ کی مولیٰ سے خرد ملتی ہے

کس قدر راستے کھلتے ہیں خدا کی جانب

جتنی اصحاب کی دنیا میں عدد ملتی ہے

آپﷺ کے نام کی تاثیر سمجھ کر دیکھو

ہم کو احمدﷺ سے سدا راہِ احد ملتی ہے

دیکھ دنیا کے ہر اک گھر میں خدا ہے پارس

اس کی رحمت میں کہاں کوئی بھی حد ملتی ہے


تلک راج پارس

No comments:

Post a Comment