Wednesday, 11 September 2024

ہر اک ڈوبتے کا سہارا محمد

  عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


ہر اک ڈوبتے کا سہارا محمد

ہے طوفاں زدوں کا کنارا محمدﷺ

فرشتوں سے اونچا ہمارا محمدﷺ

خدائے دو عالم کا پیارا محمدﷺ

ہے عاشق کا خلدِ نظارا محمدﷺ

ہمارا محمدﷺ ہمارا محمدﷺ


ثنا خواں ہیں اس کے زمیں بھی فلک بھی

درود اس پہ پڑھتے ہیں جن و ملک بھی

اسی کی مہک ہے گلوں کی مہک بھی

اسی کی چمک مہر و مہ کی چمک بھی

وہ ہستی کی آنکھوں کا تارا محمدﷺ

ہمارا محمدﷺ ہمارا محمدﷺ


شفا بخش وہ دل کی بیماریوں کا

وہ دارو تھا انساں کی لاچاریوں کا

وہ شیدا وفا اور رواداریوں کا

وہ ہے دھونے والا گنہگاریوں کا

مرض کی شفا دکھ کا چارا محمدﷺ

ہمارا محمدﷺ ہمارا محمدﷺ


محبت کا پُتلا، وہ حکمت کا بانی

سنا حق کا پیغام جس کی زبانی

ہے جب تک کہ باقی یہ دنیائے فانی

نہ پیدا کرے گی محمدﷺ کا ثانی

نہ اب خود ہی آئے دوبارا محمدﷺ

ہمارا محمدﷺ ہمارا محمدﷺ


وہ انسانِ کامل، وہ معراجِ انساں

وہ تنویرِ خالق، وہ تقدیرِ دوراں

کلامِ محمدﷺ ہے پیغامِ یزداں

محمدؐ کی سیرت ہے خود عینِ قرآں

ہے قرآں کا ہر اک سپارا محمدﷺ

ہمارا محمدﷺ ہمارا محمدﷺ


وہ عاصی کو عصیاں میں کیوں چھوڑ دیتا

گنہ سے نہ کیوں اس کا رخ موڑ دیتا

وہ طوقِ غلامی نہ کیوں توڑ دیتا

محبت سے کیوں کر نہ دل جوڑ دیتا

وہ دونوں جہانوں کا پیارا محمدﷺ

ہمارا محمدﷺ ہمارا محمدﷺ


خلیفہ عبدالحکیم

No comments:

Post a Comment