Wednesday, 4 September 2024

سرخرو سب کو سر مقتل نظر آنے لگے

 سرخرو سب کو سر مقتل نظر آنے لگے

جب ہوئے ہم آنکھ سے اوجھل نظر آنے لگے

شہر والو! جان لینا گاؤں میرا آ گیا

بچیوں کے سر پہ جب آنچل نظر آنے لگے

ہم نے مانگی بھی دعائے ابر رحمت کس گھڑی

جب سروں پر ظلم کے بادل نظر آنے لگے

آئینہ پر آج کے جمنے نہ دے ماضی کی دھول

تا کہ تیرا آنے والا کل نظر آنے لگے

ہم وہاں تک بھی نہ پہنچے جس بلندی سے گرے

جب کہ پَچھڑے لوگ بھی اول نظر آنے لگے

لوگ تو کہتے تھے عازم یہ کبھی پھلتی نہیں

ظلم کی ٹہنی پہ کیسے پھل نظر آنے لگے


عین الدین عازم

No comments:

Post a Comment