Sunday 6 October 2024

مرنا ہمیں پسند نہیں

 مرنا ہمیں پسند نہیں


ایک جوتے کے قد جتنا پیٹ بھرتے

پہاڑ دھنس گئے

ندیاں سُوکھ گئیں

جنگلات پر گاؤوں کا قبضہ ہو گیا

دہاڑنے اور گریہ وزاری کے دن

اُڑ کر پہنچ گئے بادلوں میں

بانسری میں ہوا پھُونکوں، اتنی بھی

نہیں بچی پھیپھڑوں میں ہوا

اُس وقت چھوڑا اپنا گاؤں

اور ہوئے مسافر

بیگانے ملک کے

کسی پاگل شہر میں

کوئی نہیں تھا

ہمارا ہاتھ پکڑنے والا

شہر میں تھے ہم معمولی ذات کے

ہم گہری نہ کر لیں اپنی جنگلاتی جڑیں شہر میں

اس ڈر کے ستائے لوگوں نے

ہمیں پیر رکھنے کی زمین بھی نہ دی

پلاسٹک کے کمرے میں

ٹھنڈ میں ٹھٹھرتے رہے

گرمی کے دنوں میں تپتے رہے

بارش میں بھیگتے رہے

مگر ہمیں نہیں ملی

ہمارے ہی بنائے بنگلوں میں پناہ

گلی کے چوراہے پر

بھیڑ بکری کی طرح

لگائی جاتی رہی ہماری بولیاں

اور ہم خریدے جاتے رہے دو چار پیسوں میں

پیٹھ کے پیچھے

ماما‘ اور ’لنگوٹیا‘ کے سنائی دیتے طعنے’

زہریلے بِچھّو کے ڈنک جیسے

اور اس کی لہر چڑھ جائے چوٹی تک

ہر روز

کُتے کی طرح بھگائے جانے کے عوض

لگتا ہے کہ چھوڑ دیں یہ دوزخ

اور رکھ دیں سر

گاؤں کی گود میں

مگر ہمیں ڈسنے

گاؤں میں پھپھکار رہا ہے

بھُک مری کا سانپ

اور

مرنا ہمیں پسند نہیں


گجراتی شاعری؛ وجے سنگھ پارگی

اردو ترجمہ؛ قمر تبریز

No comments:

Post a Comment