Friday, 4 October 2024

دہائی دیتی ہے سرکار میری چشمِ نم

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


دہائی دیتی ہے سرکارﷺ میری چشمِ نم

حضور مجھ پہ توجہ حضورﷺ مجھ پہ کرم


علیؓ و زہراؓ کی حرمت کا واسطہ آقا ﷺ

حسنؓ حسینؓ کی الفت کا واسطہ آقاﷺ

تمام اہلِ محبت کا واسطہ آقاﷺ

یہ استغاثہ ہو مقبول جو کیا ہے رقم

حضورؐ مجھ پہ توجہ حضورؐ مجھ پہ کرم


کسی کو جلوہ دِکھایا ہے آپ نے سرورﷺ

کسی کا مصرع لگایا ہے آپ نے سرورﷺ

سبھوں کے غم کو مٹایا ہے آپ نے سرورﷺ

بس اک نظر مری جانب بھی کیجے کم از کم

حضور مجھ پہ توجہ حضور ﷺ مجھ پہ کرم


میں مبتلا ہوں مرض میں مجھے بہت ہیں غم

عمل خراب ہے میرا مگر شفیعِ امم

علاوہ آپ کے کس کو بتائوں رنج و الم

گزارش آپ سے کرتا ہوں اے مقیمِ حرم

حضور مجھ پہ توجہ حضورﷺ مجھ پہ کرم


ہے ذات آپ کی بس میرے درد کا درماں

حضور ﷺ آپ کی نسبت پہ ہوں فقط نازاں

میں خاکی کرتا ہوں ارداس عرش کے مہماں

کہ سلسلے میرے رنج و الم کے جائیں تھم

حضور مجھ پہ توجہ حضورﷺ مجھ پہ کرم


نبیؐ جی آپ کے لطف و کرم کا ہے محتاج

وہ چاہے کوئی گداگر ہو یا کوئ سرتاج

میں آپکو ہی صدا دونگا صاحبِ معراج

کوئی بھی دکھ نہ رہے اور آئے دم میں دم

حضور مجھ پہ توجہ حضورﷺ مجھ پہ کرم


حضور ﷺ آپ نے سب کی خطائیں بخشی ہیں

کسی کو دید کسی کو دعائیں بخشی ہیں

کہ لمسِ دستِ کرم سے شفائیں بخشی ہیں

میں خستہ حال ہوں مجھ پر بھی رکھ دیں دستِ کرم

حضور مجھ پہ توجہ حضورﷺ مجھ پہ کرم


شفا کی آس میں در در بھٹک رہا ہوں میں

خوشی کی آنکھ میں پھر بھی کھٹک رہا ہوں میں

تمہارے ایک اشارے کو تک رہا ہوں میں

کہ تھک گیا تِرا تنویر اب سفیرِ حرم

حضور مجھ پہ توجہ حضورﷺ مجھ پہ کرم


تنویر جمال عثمانی

No comments:

Post a Comment