Friday, 4 October 2024

جو بھی شہ بطحا سے محبت نہیں کرتے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


جو بھی شہ بطحاﷺ سے محبت نہیں کرتے

ہم ان کی زمانے میں حمایت نہیں کرتے

سرکارﷺ کے ٹکڑوں پہ سدا پلتے رہے ہیں

پر ان کی ہی سنت کی اطاعت نہیں کرتے

اے رحمتِ عالمﷺ شبِ معراج کے دولہا

ہم آپﷺ کی الفت سے تجارت نہیں کرتے

ہو جائے عطا آپﷺ کا ایک بوند پسینہ

ہم کوثر و تسنیم کی چاہت نہیں کرتے

دیکھیں گے سرِ حشر وہ دوزخ کے نظارے

اصحاب محمدﷺ کی جو عزت نہیں کرتے

کونین میں تم ایک ہی شہ مجھ کو دکھا دو

جن پر مِرے سرکارﷺ حکومت نہیں کرتے

ہم حشر تلک کیسے بھلا رہتے لحد میں

گر قبر میں آقاﷺ کی زیارت نہیں کرتے

ہم پُل سے گزرتے تو بھلا کیسے گزرتے

سرکارﷺ اگر چشمِ عنایت نہیں کرتے

میں بھی تو جہنم میں ہی جاتا سرِ محشر

جو میری طرف آقاﷺ اشارت نہیں کرتے

ہے ان میں لہو سیدِ کونینﷺ کا تفسیر

سادات کی ہم لوگ اہانت نہیں کرتے


تفسیر رضا امجدی

No comments:

Post a Comment