عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
ہم محمدﷺ کی ثناء کرتے رہے
مغفرت کا سلسلہ کرتے رہے
ان کو خالق نے عطا کر دی بہشت
تذکرہ جو آپﷺ کا کرتے رہے
نام لے کر ان کا دن سے دن تلک
اک مکمل دائرہ کرتے رہے
ہم تو طوفاں میں رہے پڑھتے درود
آپ کس کو آسرا کرتے رہے
حضرت حسّاں رہے کرتے ثناء
اور وہ بردہ عطا کرتے رہے
نام ہم لیتے رہے ان کا مدام
وہ ہمیں غم سے رہا کرتے رہے
سر بلندی اُن کو حق نے بخش دی
جو نبیﷺ پر جاں فدا کرتے رہے
نعت لکھ کر سرور کونینﷺ کی
جو ہمارا کام تھا کرتے رہے
ہم خطا کرتے رہے ہر موڑ پر
اور کرم وہ بے بہا کرتے رہے
حضرت حسّان کے ہم سائے ہیں
جو ثنائے مصطفیٰﷺ کرتے رہے
زندگی ازہر گزاری نعت میں
یعنی ذکرِ ذوالعُلی کرتے رہے
اویس ازہر مدنی
No comments:
Post a Comment