Thursday, 3 October 2024

رسول پاک کی نعتیں سنانے آئے ہیں

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


رسولِ پاکﷺ کی نعتیں سُنانے آئے ہیں

ہم اُن کے ذکر کی محفل سجانے آئے ہیں

اُنہی کے آنے سے روشن یہ کائنات ہوئی

وہ ظلمتوں کے بُتوں کو مٹانے آئے ہیں

مِرے حضورﷺ کے سائے کو مختصر نہ کرو

کہ وہ تو سارے زمانوں پہ چھانے آئے ہیں

وہ تاجوَر ہو سکندر ہو یا گدا کوئی؟

نبیﷺ کے دَر پہ سبھی سَر جھکانے آئے ہیں

ظہورِ پاکﷺ پہ آدمؑ سے لے کے عیسیٰ تلک

سلامی دینے کو سارے زمانے آئے ہیں

بچا کے تیرہ شبی کی ہر اک نحوست سے

حریمِ دل کو وہﷺ کعبہ بنانے آئے ہیں

نبیﷺ کے ذکر کو زحمت سمجھنے والو سُنو

وہ زحمتوں ہی سے ہم کو بچانے آئے ہیں

رہے حضورﷺ سے نسبت سدا ہمیں اطہر

وہی تو ہیں جو ہمیں بخشوانے آئے ہیں


اطہر علی

No comments:

Post a Comment