Friday, 17 October 2025

دل میں بسا کے دیکھ محبت رسول کی

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


دل میں بسا کے دیکھ محبت رسولﷺ کی

ہر ہر نفس سے آئے گی نکہت رسولﷺ کی

دونوں جہاں میں جس نے کیا سرخرو ہمیں

وہ دیں ہمیں ملا ہے بدولت رسولﷺ کی

انسانیت کے باب میں سوچے عمل کرے

ہے آدمی پہ فرض یہ سنت رسولﷺ کی

ہم کو تو آندھیوں نے بھی دی ہے یہی نوید

روشن رہے گی شمع ہدایت رسولﷺ کی

نام رسولﷺ پر نہ دھڑکتا یہ دل مِرا

حاصل مجھے نہ ہو جو محبت رسولﷺ کی

سارے جہان ہی کو نوازا ہے آپ نے

ہم پر ہی اک نہیں ہے عنایت رسولﷺ کی

کیا دور ہے کہ قافلۂ اہل دہر کو

ہر لمحہ چاہیے ہے قیادت رسولﷺ کی

خاور وہ وقت عرصہ محشر کہیں جسے

ہر شخص کے لیے ہے عدالت رسولﷺ کی


رحمان خاور

No comments:

Post a Comment