Friday, 21 November 2025

ملنے ہم اپنے آپ سے جو اپنے گھر گئے

 ملنے ہم اپنے آپ سے جو اپنے گھر گئے

خود سے ملے نہیں تھے کہ پہلے ہی ڈر گئے

یہ سلسلے حیات کے بکھرے کچھ اس طرح

ہم آئے با خبر تھے، مگر بے خبر گئے

رکھا تھا زندگی میں ہر اک لمحے کا حساب

یہ لمحے تیری راہ میں خود ہی بکھر گئے

اب تک ہے مجھ کو یاد وہ چنچل ملن تِرا

جب چلتے چلتے سوچ کے دریا ٹھہر گئے

انداز وہ حجاب کے، پہلے مِلن کے وقت

نظروں میں یوں سمائے کہ دل میں اتر گئے

کچھ لوگ تھے جو موت کی آغوش میں پلے

"کچھ لوگ زندگی کی تمنا میں مر گئے"

آ کر جنوں نے ایسا تسلط جما لیا

سب تار و پود ہوش و خِرد کے بکھر گئے


کرشن مراری سہگل

No comments:

Post a Comment