Wednesday, 4 January 2017

سنگ گراں ہے راہ میں تمکین یار کا

سنگِ گراں ہے راہ میں تمکین یار کا
اب دیکھنا ہے زور دلِ بے قرار کا
اک خُو سی ہو گئی ہے تحمل کی ورنہ
وہ حوصلہ رہا نہیں صبر و قرار کا
آؤ، مٹا بھی دو خلشِ آرزوئے قتل
کیا اعتبار زندگیِ مستعار کا
سمجھو مجھے اگر تمہیں ہے آدمی کی قدر
میرا اک التفات نہ مرنا ہزار کا
گر صبح تک وفا نہ ہوا وعدۂ وصال
سن لیں گے وہ مآل شبِ انتظار کا
اب محو بُوئے گل پہ ہوا کب دل حزیں
ہم کو چمن سے یاد ہے جانا بہار کا
ہر سمت گردِ ناقۂ لیلےٰ بلند ہے
پہنچے جو حوصلہ ہو کسی شہسوار کا
غربت کے مشغلوں نے وطن کو بھلا دیا
خانہ خراب خاطرِ الفت شعار کا
حالؔی بس اب یقیں ہے کہ دلی کے ہو رہے
ہے زرہ زرہ مہر فزا اس دیار کا

الطاف حسین حالی

No comments:

Post a Comment