آسان نسخے
جہاں تک کام چلتا ہو غذا سے
وہاں تک چاہیے بچنا دوا سے
اگر تجھ کو لگے جاڑے میں سردی
تو استعمال کر انڈے کی زردی
اگر معدے میں ہو تیرے گرانی
اگر خوں کم بنے بلغم زیادہ
تو کھا گاجر، چنے ،شلغم زیادہ
جو بد ہضمی میں تُو چاہے افاقہ
تو دو اک وقت کا کر لے تو فاقہ
جو ہو پیچش تو پیچ اس طرح کس لے
ملا کر دودھ میں لیموں کا رس لے
جگر کے بل پہ ہے انسان جیتا
اگر ضعفِ جگر ہو کھا پپیتا
جگر میں ہو اگر گرمی، دہی کھا
اگر آنتوں میں خشکی ہے تو گھی کھا
تھکن سے ہوں اگر عضلات ڈھیلے
تو فورا دودھ گرما گرم پی لے
جو طاقت میں کمی ہوتی ہو محسوس
تو مصری کی ڈلی ملتان کی چوس
زیادہ گر دماغی ہے تیرا کام
تو کھا تو شہد کے ہمراہ بادام
اگر ہو دل کی کمزوری کا احساس
تومربہ آملہ کھا اور انناس
جو دُکھتا ہو گَلا نزلے کے مارے
تو کر نمکین پانی کے غرارے
اگر ہے درد سے دانتوں کے بے کل
تو انگلی سے مسوڑوں پر نمک مل
اگر گرمی کی شدت ہو زیادہ
تو شربت پی بجاۓ آبِ سادہ
جو ہے افکارِِ دنیا سے پریشاں
نمکداں پڑھ نمکداں پڑھ نمکداں
اسد ملتانی
No comments:
Post a Comment