Tuesday, 13 October 2020

آلام روزگار کا منہ زرد ہو گیا

 آلام روزگار کا منہ زرد ہو گیا

ہر زخم کا علاج تِرا درد ہو گیا

چہرے کی ہے تلاش ہر اک فرد کو جہاں

اس انجمن سے جو بھی اٹھا، فرد ہو گیا

کھلتے ہیں دل میں پھول تِری یاد کے طفیل

آتش کدہ تو دیر ہوئی سرد ہو گیا

گمراہیوں نے دھول اڑا دی مذاق میں

ہر نقش پائے راہنما گرد ہو گیا

اس عہد نو کو لہجۂ مردانہ چاہیے

جس نے بھی میرے شعر پڑھے مرد ہو گیا


مظفر حنفی

No comments:

Post a Comment