Wednesday, 10 March 2021

زنجیر جنوں کچھ اور کھنک ہم رقص تمنا دیکھیں گے

 زنجیرِ جنوں کچھ اور کھنک ہم رقصِ تمنا دیکھیں گے 

دنیا کا تماشہ دیکھ چکے، اب اپنا تماشہ دیکھیں گے 

اک عمر ہوئی یہ سوچ کے ہم جاتے ہی نہیں گلشن کی طرف 

تم اور بھی یاد آؤ گے ہمیں جب گُل کوئی کھِلتا دیکھیں گے 

کیا فائدہ ایسے منظر سے کیوں خود ہی نہ کر لیں بند آنکھیں 

اتنی ہی بڑھے گی تشنہ لبی ہم آپ کو جتنا دیکھیں گے

 تم کیا سمجھو تم کیا جانو فرقت میں تمہاری دیوانے 

کیا جانئے کیا کیا دیکھ چکے کیا جانئے کیا کیا دیکھیں گے 

ہونے دو اندھیرا آج کی شب گُل کر دو چراغوں کے چہرے 

ہم آج خود اپنی محفل میں دل اپنا ہی جلتا دیکھیں گے 

نوشاد ہم ان کی محفل سے اس واسطے اٹھ کر آئے ہیں 

پروانوں کا جلنا دیکھ چکے، اب اپنا تڑپنا دیکھیں گے 


نوشاد علی

No comments:

Post a Comment