Friday, 19 March 2021

ہر بے خطا ہے آج خطا کار دیکھنا

 ہر بے خطا ہے آج خطا کار دیکھنا

سچائیوں پہ جھُوٹ کی یلغار دیکھنا

تقدیر بن نہ جائے شبِ تار دیکھنا

بُجھنے کو ہے چراغ سرِ دار دیکھنا

مقتول کی جبیں پہ ہے قاتل لکھا ہوا

کیا فیصلہ ہو کل سرِ دربار دیکھنا

ہو گا بہت شدید تمازت کا انتقام

سائے سے مل کے روئے گی دیوار دیکھنا

ان پتھروں کے سائے میں رُکنا فضول ہے

بے برگ و بے ثمر ہیں یہ کُہسار دیکھنا

اس شہرِ آرزو کو نظر کس کی کھا گئی

مقتل بنے ہیں کوچہ و بازار دیکھنا

کچھ دن اگر یہ موسمِ وحشت اثر رہا

ہر آدمی کو بے در و دیوار دیکھنا

دیتا ہوں کیسے جان سرِ جادۂ وفا

مجھ کو نہ دیکھنا، مِرا پندار دیکھنا

خونِ جگر سے لکھتا ہوں ساغر میں حرفِ حق

وقت آئے تو قلم کو بھی تلوار دیکھنا


امتیاز ساغر

No comments:

Post a Comment