Monday, 15 March 2021

ابد کے طشت میں کچھ پھول اور ستارے لیے

 ابد کے طشت میں کچھ پھول اور ستارے لیے

یہ میں ہوں دُور سے آیا ہُوا تمہارے لیے

دیارِ گِریہ کی گلیوں میں ایسی پھسلن ہے

بشر گزرتے ہیں دیواروں کے سہارے لیے

بچھا کے ان کو میں چاہے جدھر اتر جاؤں

رواں ہوں ناؤ میں دریا کے دو کنارے لیے

خدا سے خوف زدہ اتنا کر دیا گیا تھا

کہ ہم نے سانس بھی دنیا میں ڈر کے مارے لیے

یہی تھی شب جو زمیں سے گئی تھی نم لے کر

اب آسماں سے چلی آ رہی ہے تارے لیے

بہت سی خود میں تماثیل جمع کر لی ہیں

کچھ اپنے واسطے، کچھ خاص کر تمہارے لیے


شاہد ماکلی

No comments:

Post a Comment