Saturday, 13 March 2021

دیکھ یہ رونق دنیا جو خلا جیسی ہے

 دیکھ یہ رونق دنیا جو خلا جیسی ہے

اپنی تنہائی کم و بیش خدا جیسی ہے

دو پلک بیچ بدل جاتا ہے منظر کا فسوں

تیری دنیا بھی مِری خواب سرا جیسی ہے

ہر کسی پر نہیں کھلتا تیرے دیوانے کا شعر

اس کی بندش بھی تِرے بندِ قبا جیسی ہے

آئینہ خانۂ حیرت میرا مسکن ہے سو تُو

اپنی صورت پہ مِری شکل بنا، جیسی ہے

زندگی مفت ملی ہے تو شکایت کیسی

جب تلک سانس چلے، کام چلا جیسی ہے

گھر تو پھر گھر ہے غریب الوطنی میں ضیغم

پیڑ کی چھاؤں مجھے ماں کی دعا جیسی ہے


سعد ضیغم

No comments:

Post a Comment