Friday, 18 June 2021

مت اسے ہاتھ لگانا وہ سجن آگ ہے آگ

 مت اسے ہاتھ لگانا وہ سجن آگ ہے آگ

تم اسے خاک سمجھتے ہو بدن آگ ہے آگ

اس کی حسرت میں بھلے لوگ مَرے جاتے ہیں

کون سمجھائے کہ وہ غُنچہ دہن آگ ہے آگ

اپنی تہذیب کو پانی کی ضرورت ہو گی

چُوم آیا ہوں لبِ گنگ و جمن آگ ہے آگ

وہ جو مومن ہے تو مٹی ہی کفن ہے اس کا

اور کافر ہے تو پھر اس کا کفن آگ ہے آگ

سارے سیارے ستارے بھی ہیں آتش پارے

یہ زمیں آگ کی ہے نیل گگن آگ ہے آگ

پھول کھِلتے ہیں کہ بارود، خبر بھی دینا

کتنا شاداب ہے اور کتنا چمن آگ ہے آگ

سرد الفاظ کو بخشی ہے حرارت کس نے

رشکِ خورشید ہے وہ اس کا سخن آگ ہے آگ


خورشید اکبر

No comments:

Post a Comment