Saturday, 4 December 2021

دنیا کے ہر بشر سے سدا دوستی ہوئی

 دنیا کے ہر بشر سے سدا دوستی ہوئی

دشمن سے بھی کبھی نہ مِری دشمنی ہوئی

قائل نہیں ہوں پیار میں توحید کا میاں

چہرہ حسین جو بھی مِلا دل لگی ہوئی

مثلِ نسیمِ صبح وہ گزرا تھا پاس سے

پھولوں کی طرح زیست ہے میری کِھلی ہوئی

کھویا رہا میں ذاتِ پری وش میں اس قدر

اپنی ہی ذات میرے لیے اجنبی ہوئی

اُترا تھا ایک چاند مِری آنکھ میں کبھی

محفل ہے زندگی کی مسلسل سجی ہوئی

خونِ جگر سے اہلِ نظر نے جلائے دیپ

ویسے نہیں جہان میں یہ روشنی ہوئی

پہنا رکھی پسر کو ہے اچھے برانڈ کی

دیکھو مگر ہے باپ کی جوتی پھٹی ہوئی

یہ معجزہ ہے ماں کی دعاؤں کا اشتیاق

چاروں طرف مکاں میں ہے خوشبو بسی ہوئی


اشتیاق احمد یاد

No comments:

Post a Comment