Wednesday, 9 February 2022

چاندنی شب میں چمکتی ہوئی انگنائی کا

 چاندنی شب میں چمکتی ہوئی انگنائی کا

آج بھی یاد ہے محشر شبِ تنہائی کا

عشق بھی ایک معمہ ہے اسے یوں سمجھو

ایک احساس ہے اک حسن کے شیدائی کا

یہ بھی ممکن ہے مہِ ناز لبِ بام آئے

ذکر ہر گام پہ ہو حسن کا رعنائی کا

خود کو ہم راندۂ درگاہ کہاں کہتے ہیں

ایک موقع تو ملے در پہ جبیں سائی کا

ہم کو معلوم ہے انجامِ محبت کیا ہے

اک مرکب ہے میاں درد کا، رُسوائی کا

شیوۂ اہلِ سیاست ہی وصی کچھ یوں ہے

یہ تو پربت بھی بنا دیتے ہیں اک رائی کا


وصی بستوی

No comments:

Post a Comment