Sunday, 13 February 2022

یاد کی لائبریری

 یاد کی لائبریری 


میں کبھی کبھی لائبریری جاتا ہوں   

مجھے ان طاقوں کی ہُوک سنائی دیتی ہے

جو گَرد سے اٹے 

جالوں کے ہجوم میں گھرے

تمہاری آمد کو ترستے ہیں

ریک میں رکھی کتابیں جدائی کی باس مارتی ہیں

تمہارا دیا ہوا لیمپ اب روشنی نہیں بکھیرتا

یا ہجر نے میری آنکھیں بے نور کر دیں 

وہ کرسی جس پہ تم بیٹھتی تھی 

اسے دیمک کھا گئی ہے

کبھی جو ہو سکے تو آنا

کوڑے دان نئے خطوط سے بھرا پڑا  ہے

تمہاری تصویر یہاں سے ہٹا دی گئی ہے

میں اب بہت تھک چکا ہوں

میری آخری خواہش ہے کہ

مجھے اس لائبریری میں دفن کیا جائے

جہاں صرف تمہاری موجودگی کی یاد ہو  


علی زیوف

No comments:

Post a Comment