Friday, 18 February 2022

اس اجڑے شہر کے آثار تک نہیں پہنچے

 اس اجڑے  شہر کے آثار تک نہیں پہنچے

مؤرخین دلِ زار تک نہیں پہنچے 

تمام عمر مسافت میں کٹ گئی اپنی 

مگر ہنوز درِ یار تک نہیں پہنچے 

پٹی پڑی ہیں تہیں سوچ کے سمندر کی 

کئی گہر لبِ اظہار تک نہیں پہنچے 

کئی تراشنے کے درمیان ٹوٹ گئے 

تمام سنگ تو شہکار تک نہیں پہنچے

تمام گلشنِ امکاں نثار ہے تجھ پر 

مگر وہ پھول جو مہکار تک نہیں پہنچے 

ہم اپنے عہد کے یوسف ضرور ہیں لیکن 

کنوئیں میں قید ہیں بازار تک نہیں پہنچے 

امیر ہم نے صلیبوں کا انتخاب کیا 

مگر کبھی کسی دربار تک نہیں پہنچے 


رؤف امیر

No comments:

Post a Comment