Saturday, 19 February 2022

دنیا میں کوئی آپ سا ہو گا نہ ہوا ہے

عارفانہ کلام نعتیہ کلام


دنیا میں کوئی آپﷺ سا ہو گا نہ ہُوا ہے

یہ کُن کی چمک آپ کی ہستی کی ضیا ہے

آئے ہیں زمانے میں زمانے کے لیے آپﷺ

پر آپﷺ کا ہر وصف زمانے سے جدا ہے

محشر میں گھٹا اس پہ ہی برسے گی بقا کی

جو شخص یہاں آپﷺ کی الفت میں فنا ہے

اس سے ہی تو قائم ہے مِری ذات کا احساس

اک ذکرِ محمدﷺ ہے جو ہستی کی بقا ہے

دانائے سبلؐ، ختم رسلؐ، ساقئ کوثرﷺ

ہر وصف بھی ان کا تو زمانے سے جدا ہے

اس شخص کے آگے یہ جہاں جھکتا رہے گا

جو شخص در پاکﷺ پہ اک بار جھکا ہے

فردوسِ بریں ہو یا کہ پھر بابِ حرم ہو

جو کچھ بھی ملا ان کے وسیلے سے ملا ہے

کوثر کا ملے، جام مجھے آپﷺ کے ہاتھوں

بس زبدہ! کے ہونٹوں پہ فقط ایک دعا ہے


زبدہ خان

No comments:

Post a Comment