Friday, 19 August 2022

پیاس صدیوں کی ہے لمحوں میں بجھانا چاہے

 پیاس صدیوں کی ہے لمحوں میں بجھانا چاہے

اک زمانہ تِری آنکھوں میں سمانا چاہے

ایسی لہروں میں ندی پار کی حسرت کس کو

اب تو جو آئے یہاں ڈوب ہی جانا چاہے

آج بکنے سرِ بازار میں خود آیا ہوں

کیوں مجھے کوئی خریدار بنانا چاہے

مجھ میں اور تجھ میں ہے یہ فرق تو اب بھی قائم

تُو مجھے چاہے مگر تجھ کو زمانہ چاہے

کبھی اظہارِ محبت، کبھی شکوؤں کے لیے

تجھ سے ملنے کا کوئی روز بہانا چاہے

جس کو چُھونے سے مِرا جسم سلگ اٹھا تھا

دل پھر اک بار اسی چھاؤں میں جانا چاہے

اس کے جذبات سے یوں کھیل رہا ہوں ساغر

جیسے پانی میں کوئی آگ لگانا چاہے


ساغر اعظمی​

No comments:

Post a Comment