عارفانہ کلام نعتیہ کلام
درود پڑھ کے اگر کوئی ابتداء نہ کرے
اسے یہ چاہیے پِھر ذکرِ مصطفیٰؐ نہ کرے
چراغِ حُبِ نبیﷺ کر کے دیکھیے روشن
مجال کیا ہے حفاظت جو پِھر ہوا نہ کرے
زبان وہ کسی مومن کی ہو نہیں سکتی
”خدا کا ذکر کرے ذکرِ مصطفیٰؐ نہ کرے“
اسے سکون کی منزِل نہ مل سکے گی کبھی
جو اختیار شریعتﷺ کا راستہ نہ کرے
دیا ہے درس طائف میں یہ سرورِؐ دیں نے
کِسی کے حق میں کوئی شخص بد دعا نہ کرے
شہِ اُممﷺ کی غلامی دلیلِ آزادی
غلام کیا جو غلامی کا حق ادا نہ کرے
عمل نہیں تو نہیں عشق معتبر اعجاز
کوئی ثنائے زبانی پہ اکتفا نہ کرے
اعجاز رحمانی
No comments:
Post a Comment