Sunday, 18 June 2023

بروح طیب و طاہر درود پڑھتے ہوئے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت سلام


بروحِ طیب و طاہر، درود پڑھتے ہوئے

رواں ہیں طیبہ مسافر، درود پڑھتے ہوئے

تجلیات کے اسرار میں نہائے ہوئے

درود خواں ہوئے حاضر، درود پڑھتے ہوئے

سلام، گنبدِ خضرا کی شانِ رفعت کو

نظر اٹھاتے ہیں زائر، درود پڑھتے ہوئے

سلام کہتے ہوئے بادِ شام چلتی ہے

سحر کو آتے ہیں طائر، درود پڑھتے ہوئے

مراقبے میں کبھی کی جو سیرِ ہفت افلاک

ملے تمام مناظر، درودﷺ پڑھتے ہوئے

بڑے ہی کام کا نکلا ہے ورِد نام نبیﷺ

ملے کرم کے ذخائر، درود پڑھتے ہوئے

خدائے پاک کی رحمت کے پاس ہوتے ہیں

درِ حضورﷺ پہ زائر، درود پڑھتے ہوئے

ریاض! خاتمہ بالخیر ہو، مدینے میں

جو آئے ساعتِ آخر، درود پڑھتے ہوئے


ریاض مجید

No comments:

Post a Comment