Sunday, 17 December 2023

رشتے تمام توڑ کے سارے جہاں سے ہم

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


رشتے تمام توڑ کے سارے جہاں سے ہم

وابستہ ہو گئے ہیں تیرےﷺ آستاں سے ہم

ہر رُخ سے ہر جگہ تھی مصائب کی روشیں

اُنﷺ کا کرم نہ ہوتا تو بچتے کہاں سے ہم

ہم ہیں غلام، اُنﷺ کی غلامی پہ ناز ہے

پہچانے جائیں گے اسی نام و نشاں سے ہم

سرکارﷺ آپ خود ہی کرم سے نواز دیں

کچھ عرض کر سکیں گے نہ اپنی زباں سے ہم

یہ سب غمِ حبیبِ مکرّمﷺ کا فیض ہے

آزاد ہو گئے ہیں غمِ دو جہاں سے ہم

دنیا سمجھ رہی ہے سخی اور ہیں سخی

پاتے ہیں بھیک ایسے سخی آستاں سے ہم

حق کر سکے ادا جو ثنائے حضورﷺ کا

ایسی زبان لائیں تو لائیں کہاں سے ہم

اندازہ ہے یہ شدتِ جذبات دیکھ کر

پہنچے اگر نہ آئیں گے واپس وہاں سے ہم

سُوئے حرم چلے جو مسرّت کے قافلے

روئے لپٹ کے گردِ رہِ کارواں سے ہم

ایمان و آگہی ہے یہی،۔ بندگی یہی

رکھتے ہیں غم عزیز بہت اپنی جاں سے ہم

خالد درِ حضورﷺ اگر ہو گیا نصیب

دونوں جہان لے کے اُٹھیں گے وہاں سے ہم


خالد نقشبندی

خالد محمود خالد

No comments:

Post a Comment