Monday, 18 December 2023

ازل کے نور کو جب اس میں آشکار کیا

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


ازل کے نُور کو جب اس میں آشکار کیا 

خود اپنی ذات پہ خالق نے افتخار کیا

جبینِ ذرّہ میں سُورج سجا دئیے تُو نے 

شبِ سِیہ کو تجلّی سے ہمکنار کیا

تِرے جمال نے بخشا تصوّرات کو نُور

تِرے خیال نے ذہنوں کو اُستوار کیا

تِری شبیہ کی تکمیل پر مُصوّر نے

خود اپنے فن کو تِری ذات پر نِثار کیا

علیؑ کو فرشِ رسالتؐ دیا شبِ ہِجرت

رفیق تھے جو ابو بکرؓ، یارِ غار کیا

اُسی سے لیتے ہیں اہلِ جہاں قرار کی بھیک

تمہاری یاد نے جس دل کو بے قرار کیا

جو پست تھے وہ بلندی سے ہمکنار ہوئے

غبارِ راہ کو تُو نے فلک وقار کیا

ہے علم خیرِ کثیر اور زر متاعِ قلیل

یہ راز تُو نے زمانے پہ آشکار کیا

عطا کیا تِرے دیدار نے ثباتِ قدم

سہارا پایا تو پھر پُل صِراط پار کیا

جنونِ عشقِ نبیﷺ کی سند مِلی ہم کو

نصیر! ہم نے گریباں جو تار تار کیا


سید نصیرالدین نصیر

No comments:

Post a Comment