Sunday 14 July 2024

ہمیشہ ذکر حسین زیر زباں رہے گا

  عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


لہو ہماری رگوں میں جب تک رواں رہے گا 

ہمیشہ ذکرِ حسینؑ زیرِ زباں رہے گا 

کسی بھی غم کو دوام اب تک ملا نہیں ہے 

مگر غمِ کربلا ہمیشہ جواں رہے گا

یہی وہ غم ہے جو وجہِ تسکینِ قلب و جاں ہے

جسے بھی دولت یہ مل گئی شادماں رہے گا

حسینؑ روشن فصیلِ دل پر رہے گا یوں ہی 

یزید تاریکیوں میں یوں ہی نہاں رہے گا

اثر پذیرئ خونِ اصغرؑ یوں ہی رہے گی 

یوں ہی سرِ شام سرخ رنگ آسماں رہے گا

بکھر کے آلِ نبیؐ کے پھول اور نکھر گئے ہیں

بغیر پانی کے سبز یہ گلستاں رہے گا

سدا یوں ہی ریگِ کربلا چیختی رہے گی 

فُرات کے لب پہ یوں ہی آہ و فغاں رہے گا

یزید کا نام اُڑ گیا ہے دھویں کی صورت

حسینؑ کا نام تا ابد جاوداں رہے گا

حسینؑ نے اپنے خوں سے روشن کیا ہے اس کو

چراغِ اسلام حشر تک ضوفشاں رہے گا

کسی نے پوچھا تھا کیا رہے گا یہ ذکر جاری؟ 

نواز میں نے بھی کہہ دیا اس سے، ہاں رہے گا


نواز اعظمی

No comments:

Post a Comment