عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
پھر کہاں ذہن میں اپنا کوئی غم آتا ہے
سامنے جب بھی تراؑ نقش قدم آتا ہے
ایسا لگتا ہے کہ دریا سے قمر اُبھرے گا
شام سے منتظر آنکھوں میں بھی نم آتا ہے
اب مِرا بیٹا بھی پڑھ لیتا ہے نوحہ تیرا
شکر یا مولاؑ! مِرے گھر میں کرم آتا ہے
کہہ کے عباسؑ میں مصروفِ عزا رہتا ہوں
ہر الم جاتا ہے جب سر پہ علم آتا ہے
پوچھا آہن سے تھا پر سُن کے ردا رونے لگی
کس طرح ایک جواں پُشت میں خم آتا ہے
دھوپ سے خشک ہوا ہی تھا لہو کانوں کا
شمر پھر ڈھانے سکینہؑ پہ ستم آتا ہے
نہ ملا دشت میں اس لاشۂ اصغرؑ کو کفن
جس پہ کپڑا بھی تو رومال سے کم آتا ہے
ہو کے بے جان سی گرتی ہے زمیں پر زینبؑ
یاد جس دم کفِ عباسؑ کا دم آتا ہے
نہ لکھوں تجھ پہ تو یہ ہاتھ قلم ہوں مولاؑ
بس یہ سوچوں تو ہی ہاتھوں میں قلم آتا ہے
روز جاتا ہے کسی دشت میں رونے کو سحاب
اور وہاں کر کے کوئی نوحہ رقم آتا ہے
عارف سحاب
No comments:
Post a Comment