عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
ہونٹوں پہ کیا دعا ہے سرکارﷺ جانتے ہیں
کس کس کے دل میں کیا ہے سرکارؐ جانتے ہیں
اللہ کی حقیقت، سرکارﷺ کی فضیلت
اللہ جانتا ہے، سرکارﷺ جانتے ہیں
جبرئیل رہنے دیجیے اب شوقِ رہنمائی
سدرہ سے آگے کیا ہے، سرکارﷺ جانتے ہیں
معراج کی حقیقت اظہارِ حق تھا، ورنہ
پردے میں کیا چھُپا ہے سرکارﷺ جانتے ہیں
وابستۂ قدم ہیں عرفاں کے سب سلاسل
کیا اپنا سلسلہ ہے سرکارﷺ جانتے ہیں
مجرم نہ بنیے کہہ کر چھوٹا بڑا کسی کو
جس کو جو مرتبہ ہے سرکارﷺ جانتے ہیں
کیوں علمِ غیب ہو گا، غائب ہی کیا ہے ان سے
جو لوح پر لکھا ہے سرکارﷺ جانتے ہیں
مابینِ عرش و بستر، خوشبو ہے بس نفس کی
کتنا یہ فاصلہ ہے سرکارﷺ جانتے ہیں
بے سائیگی کسی پر کس طرح کُھل سکے گی
تفصیلِ جسم کیا ہے سرکارﷺ جانتے ہیں
اندازہ اوج قد کا سایہ سے کیسے ہو گا
قُرآن بولتا ہے، سرکارﷺ جانتے ہیں
اوج یعقوبی
No comments:
Post a Comment