کس نے خدا پرستی کو مذہب بنا دیا
کس دین نے خدا کا یہ بندہ بھُلا دیا
آنکھوں کے سامنے تھا کوئی شخص گِر رہا
آنکھیں پکڑ کے اس نے مجھے ہی گِرا دیا
ہم ساحلوں کی سمت پلٹتے ہی رہ گئے
اس نا خدا نے خود ہی سفینہ ڈوبا دیا
یہ ظرف تھا کہ آپ کی عزت میں چُپ رہیں
اور آپ کی یہ سوچ کہ یہ سر جھُکا دیا
صحرا نورد کو یہی شکوہ رہا، میں نے
پانی پہ ہونٹ رکھ کے وہ دریا سٔکھا دیا
اے بے وفا تِرے دئیے اس دُکھ کی خیر کو
خود سے مِلا کے جس نے خدا سے مِلا دیا
غُصے میں کہہ رہا تھا مجھے بھُول کر دِکھا
میں نے جنوں میں آ کے نشاں تک مِٹا دیا
میں کر چکا تھا اپنے مقدر پہ اکتفا
اس دل کو تیری یاد نے پھر سے لُبھا دیا
احسن کسی کو خواب میں ہی مات دی گئی
احسن کسی کو نیند سے پہلے جگا دیا
عمیر احسن
No comments:
Post a Comment