عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
یہ رنگ و نور کا سارا نِکھار آپﷺ سے ہے
حضورؐ سارے جہاں میں بہار آپﷺ سے ہے
وجود آپﷺ کا، کامل دلیل ہے رب کی
حضورؐ کون و مکاں کا وقار آپ ﷺسے ہے
یہ صبح و شام کے پھیرے، یہ رات و دن کا سفر
طواف و رقص کا یہ کاروبار آپﷺسے ہے
کمالِ اذن ہے سورج، گُزر کے لَوٹ آئے
قمر دو نِیم ہے، یہ شاہکار، آپﷺ سے ہے
بنایا جائے گا ایندھن اُسے جہنم کا
عناد آلؑ سے ہے جس کو خار آپﷺ سے ہے
نصیب ہو گی شفاعت اُسی کو محشر میں
خدا کے ساتھ جِسے اُنس و پیار آپﷺ سے ہے
لُٹا رہا ہوں محبّت، وفا، روا داری
مِری حیات میں ایسا شعار، آپﷺ سے ہے
سنا رہا ہوں اگر نعت میں سہولت سے
قسم خدا کی یہ لطف و قرار آپﷺ سے ہے
ٹپک رہا ہے مِری آنکھ سے عقیدت کا
یہ اشک، گوہرِ صد آبدار، آپﷺ سے ہے
یہ شانِ حرف فقط نعت کی بدولت ہے
مِرا سخن ہے اگر ذی وقار، آپﷺ سے ہے
حضور آپﷺ کی نسبت سے معتبر ہوں میں
مِرا غرور، مِرا افتخار، آپﷺ سے ہے
سخنوروں میں ہے نجمی اگرچہ خاک نشیں
دیارِ نعت میں یہ تاجدار، آپﷺ سے ہے
الحاج نجمی
No comments:
Post a Comment