Monday, 9 September 2024

تری ہی ذات پہ سب کا یقیں ہے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


تری ہی ذات پہ سب کا یقیں ہے

یہی سچ ہے تُو رب العالمیں ہے

یقیناً اس کا دوزخ ہے ٹھکانا

تِری رحمت کا جو قائل نہیں ہے

یہ دشت و در سمندر بھی ہیں تیرے

تِرے افلاک ہیں تیری زمیں ہے

تِری مرضی سے ہیں سارے کرشمے

بلائے ناگہاں کچھ بھی نہیں ہے

مقدر کا تُو ہی مختار و مالک

مِری سانسوں کا تُو ہی امیں ہے

تِری رحمت کا سارا بول بالا

زمیں کیا ہے سرِ عرشِ بریں ہے

خدایا! قلب کی گہرائیوں میں

تِرے ہی نام کا سورج مکیں ہے

صبا میں اسمِ اعظم پڑھ رہی ہوں

یہی ایمان میرا اور دیں ہے


پروین صبا

No comments:

Post a Comment