عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
محمدﷺ کے جلوے نظر آ رہے ہیں
حجابِ دو عالم اُٹھے جا رہے ہیں
درِ شہؐ پر ہم یوں مٹے جا رہے ہیں
پئے زندگی، زندگی پا رہے ہیں
صبا کوئی پیغام طیبہ سے لائی
گلستاں کے کانٹے کھلے جا رہے ہیں
سنورتی ہے قدرت نکھرتی ہے فطرت
کچھ اس شان سے شاہِ دیںؐ آ رہے ہیں
نہ روشن ہو کس طرح یہ چاند سورج
درِ مصطفیٰﷺ سے ضیا پا رہے ہیں
وہ شمع حرم ہو کہ طور تجلّی
حضور آپؐ ہی نور برسا رہے ہیں
دو عالم کے داتاﷺ نگاہِ کرم ہو
سگِ آستاں ٹھوکریں کھا رہے ہیں
صبیحِ سخن ور جو شہرت ہے تیری
کرم تجھ پہ سرکارﷺ فرما رہے ہیں
صبیح رحمانی
No comments:
Post a Comment