Saturday, 7 September 2024

فضا میں بھڑکا وہ ایک شعلہ فلک پہ کوندی وہ ایک بجلی

 یونس شہید پر

فضا میں بھڑکا وہ ایک شعلہ 

فلک پہ کوندی وہ ایک بجلی

فضا میں گونجا وہ ایک نعرہ

شہید یونس کا نام دنیا میں آج پائندہ ہو گیا ہے

حریف پر قہر بن کے ٹوٹا

غضب سے اس کے اماں کہاں تھی

فرار کا تھا نہ کوئی چارہ

مٹا کے دشمن کو میرا شاہین خود فضاؤں میں کھو گیا ہے

شہید یونس کا نام دنیا میں آج پائندہ ہو گیا ہے

وہ پیکر عزم و فخر و ملت

عقاب خصلت دلیر شاہیں

جہاں میں بے مثل اس کی غیرت

تڑپ رہا تھا رگوں میں وہ خوں زمین جس سے بھگو گیا ہے

شہید یونس کا نام دنیا میں آج پائندہ ہو گیا ہے

حیات جاوید موت تیری

تِرے لہو میں وفا کی خوشبو

تِرے وطن پر خدا کی رحمت

بلند پرچم تِرا کہ جس کا ہلال تابندہ ہو گیا ہے

شہید یونس کا نام دنیا میں آج پائندہ ہو گیا ہے

فہمیدہ ریاض

فلائیٹ لیفٹیننٹ یونس حسن شہید ستارۂ جرأت

No comments:

Post a Comment