Sunday, 1 December 2024

اب تیری محبت میں جو بیمار ہے بیمار

 اب تیری محبت میں جو بیمار ہے بیمار

جیتا ہے نہ مرتا ہے نہ اِس پار نہ اُس پار

وعدہ کے لیے لب بھی ہلانا تمہیں دُشوار

بُت کی طرح خاموش، نہ اقرار نہ انکار

نکلے جو مریضوں کی عیادت کو وہ گھر سے

کچھ سوچ کے ہر اچھا بھلا بن گیا بیمار

ہے لب پہ ابھی تم، تو ابھی تُو ارے توبہ

کیا آپ کی گُفتار ہے، کیا آپ کی گُفتار

اُف، عرضِ تمنا پہ تِری نیچی نگاہیں

اقرار کا اقرار ہے،۔ انکار کا انکار

اس دور میں انساں کا عجب حال ہے شبر

جینے کا بھی ارمان ہے، جینے سے بھی بیزار


شبر جیلانی قمری

استاد قمر جلالوی کے شاگرد، جنہیں اپنے استاد کی نسبت سے قمری کہلانا پسند تھا۔

No comments:

Post a Comment