Wednesday, 4 December 2024

سفر طویل ہے بار حیات کم کر لو

 سفر طویل ہے بارِ حیات کم کر لو

جو ہو سکے تو مجھے بھی شریکِ غم کر لو

کسی کا ذکر تو آئے تمہارے نام کے ساتھ

ورق حیات کا سادہ ہے، کچھ رقم کر لو

اگر یہ شوق کہ دنیا تمہیں سلامی دے

تو پہلے اپنے لیے خود کو محترم کر لو

جو منحصر ہے لہو پر چمن کی زرخیزی

تو پھر ہمارے لہو سے یہ خاک نم کر لو

دوئی کا کرب بڑا جاں گداز ہوتا ہے

تم اپنی ذات میں مجھ  کو ابھی سے ضم کر لو

مزاحمت سے نہ پہنچے گا کوئی فیض تمہیں

کٹا لو گردنیں یا پھر سروں کو خم کر لو

نہ ہو گی ہم سے پُرستش اُبھرتے سُورج کی

اب اختیار ہے تم کو کہ سر قلم کر لو

سبک خرام ہیں کتنے ہی راہ میں طالب

بچھڑ نہ جائے کوئی سب کو ہمقدم کر لو


طالب محمود

No comments:

Post a Comment