Wednesday, 26 March 2025

کوئی ہنگامۂ ہستی کا پرستار بھی ہے

 کوئی ہنگامۂ ہستی کا پرستار بھی ہے

ورنہ کشتی بھی ہے ساحل بھی منجدھار بھی ہے

ہو گئیں میری تباہی پہ وہ آنکھیں نمناک

کون جانے کہ یہی جیت مِری ہار بھی ہے

باغباں تُو بھی اسے چشمِ حقارت سے نہ دیکھ

زینتِ صحنِ چمن گُل ہی نہیں خار بھی ہے

صرف مشعل ہی نہیں ہاتھ میں تیشہ بھی رکھو

راہ میں صرف اندھیرا نہیں دیوار بھی ہے

بڑھ کے خود جام اٹھا لے نہ کہیں اے ساقی

رند مےخانے میں مجبور بھی مختار بھی ہے

آج کے دور میں اے دوست! مسیحائی کا

سب کو دعویٰ ہے مگر کوئی سرِ دار بھی ہے

ساحرہ! شکوۂ بے مہرئ ساقی کیسا؟

جام ہی جام ہیں گر جرأتِ اظہار بھی ہے


ساحرہ بیگم

بیگم ساحرہ قزلباش

No comments:

Post a Comment